بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کا میلہ کل لگے گا
Friday December 06, 2013 06:05PM
بلوچستان میں بلدیاتی الیکشن میلہ کل لگے گا۔ سات ہزار ایک سو نوے نشستوں پر اکہتر ہزار سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔ آواران اور تربت میں پولنگ نہیں ہوگی۔ کوئٹہ: بلوچستان کے بتیس اضلاع میں کُل سات ہزار ایک سو نوے نشستیں ہیں جبکہ چار ہزار ایک سو اڑسٹھ سیٹوں پر کل پولنگ ہوگی۔ صوبہ میں دو ہزار پانچ سو سات امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ پانچ سو پندرہ سیٹیں خالی قرار دے دی گئی ہیں جن پر بعد میں ضمنی الیکشن ہوگا۔ بلدیاتی انتخابات کے لئے بتیس لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ بلوچستان میں بلدیاتی الیکشن کے لئے مجموعی طور پر ساٹھ لاکھ سے زائد بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔ پانچ ہزار سات سو اٹھارہ پولنگ سٹیشنز اور گیارہ ہزار آٹھ سو سینتالیس پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ پانچ ہزار سات سو اٹھارہ پریذائیڈنگ آفیسرز، پندرہ ہزار چون اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسرز اور بارہ ہزار تین سو چھہتر پولنگ آفیسر فرائض انجام دیں گے۔ دیہی کونسلوں میں عام ووٹر دو ووٹ کاسٹ کریں گے۔ ڈسٹرکٹ کونسل کے امیدواروں کے لیے سبز اور یو سی وارڈز کے امیدواروں کے لیے سفید رنگ کے بیلٹ پیپرز ہونگے۔ آواران میں کل ایک سو اکیس نشستیں ہیں جن میں سے چون سیٹوں پر بلا مقابلہ امیدوار منتخب ہو چکے ہیں۔ باقی نشستوں پر کسی امیدوار نے کاغذات ہی جمع نہیں کرائے۔ اسی طرح تحصیل تربت میں بھی تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں 32 لاکھ ووٹر امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ سات لاکھ بیلٹ پیپرز پولنگ سٹیشنوں تک پہنچا دیئے گئے ہیں۔
News Source: Dunya
No comments:
Post a Comment